لکھنؤ، 10/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جمعرات کی صبح لکھنؤ-ایودھیا شاہراہ پر واقع ایک تین منزلہ عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ بی بی ڈی تھانہ علاقے کے اندرا نہر کے قریب پیش آیا۔ اس عمارت میں گاڑیوں کا سروس سنٹر، ٹائر شو روم اور ایک جم قائم تھا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کو مطلع کیا گیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں فوراً موقع پر پہنچ گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس آگ کے نتیجے میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا آگ اچانک لگی نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاڑیوں کے سروس سنٹر اور ٹائر کے دو روم میں رکھے آلات اور اشیا آگ کی وجہ سے پوری طرح خاک ہو گئے۔ جم میں بھی آگ کی وجہ سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ابھی تک اس واقعہ میں کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن آگ سے املاک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اطلاع کے بعد جائے وقوع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے آگ پر قابو پانے کی پوری کوشش کی اور اسے بجھانے میں مسلسل سرگرم رہی۔
فی الحال آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔ آگ کی خوفناکی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے آس پاس کے علاقوں کو بھی احتیاطاً خالی کروا دیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم جانچ میں لگ گئی ہے۔ یہ یقینی کیا جا رہا ہے کہ آگ سے اور زیادہ نقصان نہ ہو۔